• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کیخلاف بیرونی طاقتیں سازشوں میں مصروف ہیں، شیخ رشید


وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے خلاف بیرونی طاقتیں سازشوں میں مصروف ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی جریدے نے مودی کی حکومت کو دہشت گردی پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیا ہے، پاک فوج کے خلاف بیرونی طاقتیں سازشوں میں مصروف ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں میں کورونا وائرس پھیل سکتا ہے اور دہشت گردی بھی ہو سکتی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ جلسے جلوس کریں لیکن اگر جلاؤ گھیراؤ کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ایک سال ہوگیا نہ اسپتال گئے اور نہ ہی انہوں نے آپریشن کروایا، نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان مذہبی کارڈ کھیلنے جا رہے ہیں، اُن کا مقصد مدارس کے طالب علموں کو استعمال کرنا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اپنی سیٹ نہیں صرف 9 سیٹیں ہیں، اس دفعہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہتھوڑ ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت، ترقی اور بقا میں فوج کا کلیدی کردار ہے، پاک فوج جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے اور کسی صورت ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دے گی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفیٰ نہیں دے گی، اگلی بار ان کو سندھ بھی نہیں ملے گا۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ 16 مزید ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان سمیت دنیا ایک عالمی بحران سے گزر رہی ہے۔ اپوزیشن کو تنبیہہ کرتا ہوں کہ پچھتاوے سے بچیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پولیس تحقیقات کرے،جو غداری میں ملوث نہ ہو اُسے چھوڑ سکتی ہے۔ 

تازہ ترین