وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی سیاست کو خود ہی دفن کردیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے جونیجو کی کمر میں چھرا گھونپا اور پھر خود آکر حکومت بنائی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کی سیاسی کشتی میں پتھر پھینکنے ہیں، اپوزیشن دھرنا نہیں دے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کا ٹوئٹر ایک سال بند رہا، انہیں توقع تھی کہ شاید صاحبزادی کو لندن جان کی اجازت مل جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ عمران خان کو سینیٹ میں اکثریت حاصل نہ ہو لیکن مارچ کے انتخابات میں پی ٹی آئی سینیٹ میں اکثریتی جماعت ہوگی۔
شیخ رشید نے دعویٰ سے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی بھی سندھ اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دے گی۔
دوران پروگرام وفاقی وزیر نے عسکری قیادت سے سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ کی ملاقات سے متعلق بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ بات چیت دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں عسکری قیادت نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ ہمیں آپ کسی مسئلے میں نہ لائیں۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ عسکری قیادت نے کہا کہ ہمیں کوئی سول حکومت بلائے گی تو ہمیں لبیک کہنا ہے، آرمی چیف نے کہا جو بھی سویلین حکومت ہو اس کے پابند ہیں۔