وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا کہ بغاوت کے مقدمہ کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا، وزیراعظم سمیت کسی حکومتی عہدے دار نے اس کی حوصلہ افزائی نہیں کی، یہ مقدمہ خارج ہوا تو سب کے لئے خارج ہو گا۔
سروسز اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مہنگائی کےخلاف جلسے کرنے نہیں جا رہی، جلسے ہوتے رہتے ہیں لیکن کوئی پاکستانی اپنی فوج کے خلاف جلسہ جلوس نہیں کرتا۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ پر لگائے جانے والے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن کی حالیہ تحریک کا عدلیہ بحالی تحریک سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ جنہوں نے 35 سال حکومت کی، انہی پر کیسز بنیں گے، پی ٹی آئی کے بارے میں بات بعد میں ہو گی۔