پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف نیلسن منڈیلا بننا چاہتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہوگا، وہ خود تو لندن بیٹھے ہیں اور کارکنوں کو سڑکوں پر آنے کا کہتے ہیں۔
سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن تحریک چلائے، کھمبے پر چڑھے، کے ٹو کے پہاڑ پر چڑھے یا کنٹینر پر انہیں این آر او نہیں ملے گا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ یہ لوگ پر امن تحریک چلائیں گے تو ویری گُڈ اور اگر قانون ہاتھ میں لیا تو ویری بیڈ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اب نواز شریف نے امریکہ سے مدد مانگ کر آخری پتا بھی کھیل لیا ہے، یہ لوگ جھوٹوں کے آئی جی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ گولی کھانے کیلئے ہر لیڈر خود آگے آتا ہے لیکن یہ واحد لیڈر ہیں جو غریب لوگوں کو کہتے ہیں سامنے آئیں۔
فیاض الحسن نے کہا کہ شہباز شریف کے خاندان میں اربوں روپے ٹی ٹی کے ذریعے منتقل کئے گئے، 15 سے 20 ہزار کی ملازمت کرنے والے ملازمین کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے۔