• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ڈکلیئر ڈ صادق اور امین ہیں ،سیف اللہ نیازی

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان ڈکلیئر ڈ صادق اور امین ہیں ، نواز شریف کا مسئلہ افغانستان میں پڑا ہوا لاکھوں ٹن سکریپ ہے جسے حسن نواز اپنے دوست سجن جندال سے مل کر خرید رہا ہے۔ نواز شرف کو اپنی باقی سزا کوٹ لکھپت میں پوری کرنا پڑے گی۔ ہم نے پارٹی میں موروثی سیاست کا خاتمہ کیا ، ملک میں آج بھی کچھ لوگ جمہوریت کی بجائے اپنی چوری بچانے کے لئے اپنی اولادوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ بہت جلد ایک نیا اور ماڈرن پاکستان وجود میں آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیاقت باغ میں پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے عہدیداروں سے حلف لینے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہفتہ کو پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے 12 اضلاع ، میٹرو پولیٹن سمیت 160 کے قریب تحصیلوں اور 1200 سے زائد یونین کونسلز کے عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب لیاقت باغ میں ہوئی جو جلسہ کی صورت اختیار کر گئی۔ راولپنڈی ، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کے ضلعی ، تحصیل اور یونین کونسلز کے عہدیداروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے حلف لیا۔ مرکزی سٹیج پر سیف اللہ نیازی سمیت سینیٹر فیصل جاوید خان ، نیلو فر بختیار ، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مصدق گھمن اور ڈاکٹر ابوالحسن سمیت دیگر پارٹی قیادت موجود تھی۔ سیف اللہ نیازی نے کہا کہ عمران خان نے کو رونا وائرس اور لاک ڈائون میں عوامی ضروریات کو مد نظر رکھا ، اندرونی اور بیرونی مخالفت کے با وجود لاک ڈائون کو بہترین انتظامی صلاحیت سے چلایا۔ تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ اپوزیشن نے بیرون ملک اثاثے بنائے ، آج کس منہ سے باہر نکل رہے ہیں ، لوگ ان سے پوچھتے ہیں بتائو کہ تم نے پاکستان کے لئے کیا کیا ہے ، عمران خان کو اپوزیشن نے پہلے دن سے بلیک میل کرنا شروع کیا ، جب عمران خان نے کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اٹھایا تو انہوں نے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن ہر وقت این آر او چاہتی ہے۔ عمران خان عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد عارف عباسی ، ایڈوائزر شمالی پنجاب ساجد علی قریشی اور دیگر مقررین نے کہا کہ یہ تنظیم سازی تحریک انصاف کو موروثی سیاست ،محلات اور وڈیروں کے قبضے سے نکال کر چوکوں چوراہوں پر لائے گی ، یہ تنظیمیں اب پا کستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گی۔ہم سیاست میں نئے با ب کا آغاز کر رہے ہیں جس میں تحریک انصاف آنے والے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرے گی۔
تازہ ترین