چارسدہ (نمائندہ جنگ)چارسدہ کے علاقہ شیخ کلی سے 6اکتوبر کو ڈھائی سالہ زینب کے اغواء ، جنسی زیادتی اور بہیمانہ قتل میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل اور بچی کے جوتے بھی برآمد ،ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا۔ملزم کا تعلق زینب کے گائوں سے ہے ۔ چارسدہ کے علاقہ شیخ کلی سے 6اکتوبر کو ڈھائی سالہ زینب کے اغواء ، جنسی زیادتی اور بہیمانہ قتل میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملزم کی عمر 45اور 50 سال کے درمیان ہے اس کا تعلق بھی زینب کے گائو ں سے ہے ۔ملزم نے پولیس کے سامنے اقرار جرم کر لیا ۔ ملز م نے ڈھائی سالہ زینب کو گھر کے سامنے سے اغواء کرکے ایک کلو میٹر دور کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا تھا۔ ملزم کو سخت سیکیورٹی میں جائے وقوعہ کی نشاندہی کیلئے لے جایا گیا جہاں ملزم نے زینب کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا ۔ زینب کے والد اختر منیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قصور کے زینب کو انصاف دلایا گیا اور ان کے والدین کو جیل لے جا کر ان کے سامنے ملزم کو پھانسی پر لٹکایا گیا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میری زینب کے ملزم کو چوک میں پھانسی پر لٹکا کر سر عام پھانسی دی جائے تاکہ جنسی درندوں کو سبق مل سکے ۔اگر جنسی درندوں کو نشان عبرت نہ بنایا گیا تو والد ین کس طرح اپنے بچوں کو سکول اور مدارس بھیجیں گے ،میری زینب انتہائی خوبصورت تھی ، جب وہ گھر سے نکلتی تو لوگ دیکھنے کیلئے آتے تھے ۔