• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد، پشاور سے 28گرانفروش گرفتار

پشاور( وقائع نگار ) محکمہ خوراک نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مہنگائی میں کمی لانے کے احکامات کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 28گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور واجد علی اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے نوتھیہ‘ گلبرگ اور ٹاؤن میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں نوتھیہ اورگلبرگ سے 12 جبکہ یونیورسٹی ٹاؤن کے مختلف علاقوں سے 16 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرفتار افراد میں سبزی و پھل فروش‘ قصائی اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا جبکہ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اشیائے خوردونوش سے وابستہ تاجر اپنی دکانوں میں سرکاری نرخناموں کو نمایاں جگہوں میں آویزاں کریں اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے کاروبار کو مکمل طور پر سیل کردیا جائیگا۔
تازہ ترین