• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق کرکٹرثقلین مشتاق اور اہلیہ میں کیا شرط لگی؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے سوشل میڈیا پر اپنی انوکھی تصویر شیئر کرتے ہوئے اہلیہ سے شرط لگائی کہ اُن کی اس تصویر پر 20 ہزار لائکس لازمی آئیں گے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے ایک انوکھی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ پر توپ سے وار کرتے نظر آرہے ہیں۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں ثقلین مشتاق کی اہلیہ کا چہرہ نظر نہیں آرہا جبکہ تصویر میں دکھائی گئی توپ بھی نقلی ہے اور سابق کرکٹر ایسے اداکاری کر رہے ہیں کہ جیسے وہ اس توپ سے اپنی اہلیہ پر وار کر رہے ہوں۔

ثقلین مشتاق نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے اپنی اہلیہ سے کہا تھا کہ اس تصویر پر 5 ہزار ری ٹوئٹس، 20 ہزار لائکس اور 10 ہزار کمنٹس لازمی آئیں گے۔‘

سابق کرکٹر نے لکھا کہ ’اب دیکھنا یہ ہے کہ میں یہ شرط جیتتا ہوں یا ہارجاؤں گا۔‘

ثقلین مشتاق کی شرط کی بات کریں تو اُن کے ٹوئٹ پر اب تک 6 ہزار سے زائد ری ٹوئٹس اور 41 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں یعنی وہ ان دو چیزوں میں تو کامیاب ہوگئے ہیں لیکن اُن کے ٹوئٹ پر ابھی تک صرف 3 ہزار سے زائد کمنٹس آئے ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ سابق کرکٹر ابھی تک اپنا ہدف پورا نہیں کرسکے ہیں۔

دوسری جانب ثقلین مشتاق کے دلچسپ ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کرکٹر محمد حفیظ نے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ آپ یہ شرط ضرور جیتیں گے۔‘

ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی نے ثقلین مشتاق کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں سوال کیا کہ ’لیجنڈ آپ اس تصویر میں کیا کرنے کا سوچ رہے ہیں؟‘

دلچسپ تبصروں میں سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کی اہلیہ بھی پیچھے نہ رہیں اور اُنہوں نے اپنے شوہر کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’دیکھیں یہ کس قدر خوش نظر آرہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ ثقلین مشتاق نے گزشتہ رات ہی یہ تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ سابق کرکٹر کتنے وقت میں اپنا ہدف پورا کریں گے۔

تازہ ترین