کراچی کی شاہ فیصل کالونی میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور کے قتل کا مقدمہ شاہ فیصل تھانے میں درج کرلیا گیا، مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیش سی ٹی ڈی کو منتقل کردی گئی۔
ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ون فائیو پر فائرنگ کی اطلاع رات پونے 8 بجے موصول ہوئی اور 8 بج کر 50 منٹ پر پولیس جائے وقوعہ پر موجود تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق 3 ملزمان نے گاڑی پر پستول سے فائرنگ کی اور موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔ ایک ملزم نے شلوار قمیض اور 2 نے پینٹ شرٹ پہنچ رکھی تھی۔ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم گولیوں کے 5 خول ملے تھے۔
واضح رہے کہ جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کی ڈرائیور سمیت شہادت کے واقعے میں اہل خانہ نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اہل خانہ نے اندراج مقدمہ سے انکار کا فیصلہ مولانا عادل خان کے رفقاء سے مشورے کے بعد کیا۔