سکھر (بیورو رپورٹ) احتساب عدالت سکھر نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کیخلاف نیب کو حتمی ریفرنس دائر کرنے کی اجازت دیکر سماعت 24اکتوبر تک ملتوی کردی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ سمیت 18افراد کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں دائر ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت سکھر میں ہوئی۔ گزشتہ سماعت میں نیب پراسیکیوٹر نے سید خورشید شاہ سمیت دیگر افراد کیخلاف حتمی ریفرنس دائر کرنے کی اجازت طلب کی تھی، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو حتمی ریفرنس دائر کرنے کی اجازت دیکر سماعت 24اکتوبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا تھا کہ سید خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے جس کی وجہ سے نیب کو حتمی ریفرنس دائر کرنے کی اجازت دی جائے نیب کے پراسیکیوٹر نے اپنی درخواست کے حق میں جبکہ سید خورشید شاہ کے وکلاء نے اس کی مخالفت میں دلائل بھی دیئے تھے جس پر احتساب عدالت کے جج نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو آج پڑھ کر سنایا گیا اور نیب کو حتمی ریفرنس دائر کرنے کی اجازت دے دی گئی۔