• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے اپوزیشن سے محاذ آرائی شروع کردی، راجا پرویز اشرف

سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بننے کے بعد اپوزیشن کے خلاف محاذ آرائی شروع کردی۔

پریس کانفرنس کے دوران راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت کا رویہ پاکستانی ریاست اور جمہوریت کے حق میں نہیں، پی ڈی ایم پاکستان کے عوام کے حقوق کی ترجمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد حکومت پر بہت سے سوال اٹھے، اپوزیشن نے دوسری جمہوری جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کی۔

راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی پہلی تقریر پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ ہمارے وزیر اعظم بھی ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ افسوس کہ حکومتِ وقت نے جس انداز سے معاملات چلانے تھے، ویسے نہیں چلائے، حکومت اپنے اہداف میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ لیڈر اتفاق رائے بناتا ہے، عوام کو روشنی اور امید دکھاتا ہے، موجودہ حکومت نے عوام سے امید چھین لی اور غیر یقینی کو عام کردیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نا اہلیِ کو سابقہ حکومتوں پر ڈال رہی ہے، ملک کی معیشت تباہ ہو رہی ہے، 17 ہزار ارب کا قرضہ صرف انہوں نے لیا۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ یہ اب عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عملی طور پر عوام سے سب کچھ چھینا جا رہا ہے، آج ملک میں نہ گندم ہے نہ آٹا ہے اور نہ چینی، سرکاری ملازمین سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگ سراپا احتجاج ہیں۔

تازہ ترین