• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیل اور تقریبات کیلئے این سی او سی کی ہیلتھ گائیڈلائنز جاری

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ہیلتھ گائیڈلائنز جاری کردی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ جن شہروں میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہو وہاں عوامی اجتماعات نہ کیےجائیں۔

این سی او سی نے ہیلتھ گائیڈلائنز کھیل اور تقریبات کے لیے جاری کی ہیں،جنہیں تمام صوبوں کی مشاورت سے طے کیا گیا ہے۔

این سی او سی کے مطابق گائیڈلائنز کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے بنائی گئی ہیں۔

گائیڈلائنز میں کہا گیا ہے کہ ثقافتی، مذہبی، سیاسی اجتماع عوامی اجتماعات کے زمرے میں آتے ہیں، عوامی اجتماعات میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور شامل ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کی شرح بڑھنے والے شہروں میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہو گی، نا گزیر عوامی اجتماع میں ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔


گائیڈلائنز میں کہا گیا ہے کہ ان ڈور تقریب میں زیادہ سے زیادہ 500 لوگوں کی شرکت ہو، ایسی تقریب کا دورانیہ 3 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

این سی او سی کے مطابق ان ڈور تقریب کے تمام شرکا بیٹھیں گے، کوئی کھڑا نہیں ہو گا، کرسیوں کے درمیان کم سے کم فاصلہ 3 فٹ ہوگا۔

گائیڈلائنز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آؤٹ ڈور تقریب میں سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے اور تقریب کا دورانیہ بھی 3 گھنٹے سے زیادہ نہ ہو۔

این سی او سی کے مطابق سڑکوں، گلیوں میں ریلیوں اور واکس سے اجتناب کیا جائے، ایسی سرگرمیوں کے منتظمین ایس او پیز پر عمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔

گائیڈلائنز کے مطابق جن شہروں میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہو وہاں عوامی اجتماعات نہیں ہوں گے، بچوں اور معمر افراد کی عوامی تقریبات میں شرکت کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

این سی او سی نے ہدایات میں مزید کہا کہ کورونا اور سانس کی بیماریوں کی علامات کے حامل افراد کو شرکت کی اجازت نہ دی جائے، ذیابیطس، بلند فشار خون اور دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد بھی عوامی اجتماعات میں شرکت نہ کریں۔

گائیڈلائنز کے مطابق اجتماعات میں ہاتھ ملانے، گلے ملنے اور کھانا کھانے سے پرہیز کیا جائے، پانی پینے کے حوالے سے سہولیات کو بھی مناسب فاصلوں پر رکھا جائے۔

این سی او سی نے ہدایات میں یہ بھی کہا کہ اجتماعات میں عوامی آگاہی کے لیے انسداد کورونا بورڈز بھی لگائے جائیں، ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے متواتر اعلانات کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے۔

تازہ ترین