• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کے وائرس نے 22 کروڑ لوگوں کو زندہ مار دیا، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ مہنگائی کے وائرس نے 22 کروڑ لوگوں کو زندہ ماردیا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد صرف اپنے کیسوں میں ریلیف لینا ہے،حکومت کنفیوژن کا شکار نہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ جلسہ اپوزیشن کی سمت کا تعین کرے گا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کنفیوژن کا شکار نہیں ہے، اپوزیشن ضرورت سے زیادہ محتاط ہے،اپوزیشن اس لئے الزام لگارہی ہے کہ جلسہ ناکام ہوتو حکومت کے کھاتے میں ڈال دیا جائے، ڈر ہے اپوزیشن جلسے کیلئے لوگ بھی حکومت سے دینے کا مطالبہ نہ کردے، اپوزیشن غیرقانونی تحریک چلارہی ہے جس کا نہ سر ہے نہ پیر ہے۔

اپوزیشن تحریک کا مقصد صرف اپنے کیسوں میں ریلیف لینا ہے، تاریخ میں پہلی دفعہ اپوزیشن تحریک میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی، پی ٹی آئی کے جلسوں کو روکنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جاتا تھا، ماڈل ٹاؤن میں تو سولہ لوگوں کو شہید کردیا گیا تھا۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں پھر بھی اپوزیشن تحریک چلارہی ہے، جلسے کی اجازت کا فیصلہ ڈپٹی کمشنرز ایس او پیز کے تحت کرتے ہیں۔

اس کا وفاقی و صوبائی حکومت سے تعلق نہیں ہوتا ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کو شکایت ہے کہ کیپٹن صفدر پر ایف آئی آر درج کرنے کی وجہ سے پولیس افسر بدل دیئے گئے۔

اپوزیشن کا مولانا فضل الرحمٰن کے ڈنڈا بردار مدرسے کے بچوں پر انحصار خطرناک بات ہے، پاکستان میں فرقہ وارانہ فضا بنی ہوئی ہے اس وقت مذہبی قیادت کے تحت چلنے والی اپوزیشن تحریک پرتشدد ہوسکتی ہے۔ 

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے عمران خان نے کیے ہیں، 2014ء میں عمران خان نے مینار پاکستان بھرا تو کوئی اتنے بڑے جلسے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

اس جلسے سے بھی اس وقت کی حکومت کو کوئی خاص فرق نہیں پڑا تھا، بڑے جلسوں سے حکومتیں نہیں گرتیں صرف دباؤ آتا ہے، مدرسے کے بچوں کو جمع کرنے سے حکومت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

تازہ ترین