• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کا مزدوروں پر دستی بم حملہ،7مزدور اور 3بچے زخمی

کوئٹہ (نمائندہ جنگ/نیوز ایجنسیاں) کوئٹہ میںسمنگلی لنک روڈپرپل کے تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں پر موٹرسائیکل سواروں نے دستی بم حملہ کردیا۔7مزدوروں سمیت تین راہگیر بچے زخمی ہو گئے،وزیرداخلہ کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے اعلیٰ سطحی اجلاس ،وزیر اعلیٰ ،وزیر داخلہ اور صوبائی وزرا نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روزسمنگلی لنک روڈ پر مزدور پل کے تعمیراتی کام میں مصروف تھے کہ سوا بارہ بجے کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں سات مزدور صدیق، گلو،جامن خان، منگل خان ،گہرام ، موسی، اسد مشتاق او ر تین راہ گیر بچے وحید خان، روح اللہ اور محمد ہاشم زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو سول اور بی ایم سی ہسپتال منتقل کردیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ جبکہ سمنگلی روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

تازہ ترین