• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوکاڑہ فارمز کے کاشتکاروں کا معاملہ خوش اسلوبی سےحل کیا جائے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اوکاڑہ فارمز کے کاشتکاروں کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے اور انہیں بے زمین کرنے کے لئے طاقت کے استعمال سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں اور کسانوں کے ساتھ ہونے والی     نا انصافیوں اور زیادتیوں کے خلاف آوازاٹھانے کے ساتھ عملی جدوجہد بھی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی پیپلز پارٹی محنت کشوں اور کاشتکاروں کے جائز مسائل کے حل اور ان کے ساتھ روا رکھی جانے والی زیادتیوں کے خلاف ہر تحریک میں بھر پور طریقے سے شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کھیتی باڑی  ان غریب کاشت کاروں کے گذر بسر کا واحد ذریعہ ہےجس کے بغیر ان کا زندگی گزارنا بہت مشکل ہے۔ بلاول بھٹو نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مقامی طور پر پیدا ہونے والی زرعی اجناس کے لئے کبھی بین الاقوامی منڈیاں تلاش نہیں کیں حالانکہ یہ اشیاء ہمسایہ ممالک کو بھی برآمد کی جاسکتی ہیں۔ بلاول بھٹو زردای نے خبردار کیا کہ ان کی پارٹی کاشتکاروں کو طاقت کے زریعے بیدخل کرنے کی مخالفت کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کاشتکاروں کے جائز حقوق کے تحفظ کی ضمانت دے اور اس معاملہ کو خوش اسلوبی کے ساتھ طے کریں۔
تازہ ترین