چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دوسری ٹیموں کااعتماد بڑھے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ انگلینڈ کے کئی کھلاڑی پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کھیل چکے ہیں، انگلینڈ ٹیم کے آنے سے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کی بھی راہ ہموار ہوگی۔
چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ چھوٹےچھوٹے اقدامات سے بڑی عمارت کھڑی کرنےمیں کامیاب ہوں گے، دنیا کے بورڈز اب ہمیں سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کےساتھ گزشتہ برس سےکام کر رہےہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم نے غیر مشروط انگلینڈ کادورہ کیا تھا۔
احسان مانی نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ بات چیت میں وسیم خان نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو اگلے سال جنوری میں دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انگلش بورڈ کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے خط لکھا ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی جانب سے دورے کی دعوت ملنے کی تصدیق کردی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے ای سی بی اپنا کردار ادا کرے گا۔
دوسری جانب جنوبی افریقی بورڈ کا جائزہ وفد بھی نومبر میں پاکستان آئے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 30 اکتوبر سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔