• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی زیر صدار ت پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی


وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے آغاز پر ہی ماحول کشیدہ ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایم این اے ثناء اللّٰہ مستی خیل نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں آزاد منتخب ہوا ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ثناء اللّٰہ مستی خیل نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں حکومتی کارکردگی پر تنقید کی۔

ثناء اللّٰہ مستی خیل نے اجلاس کے دوران وزراء اور مشیروں پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام کے لیے حالات بہتر ہوتے نظر نہیں آرہے، عوام بجلی اور گیس کے بل دینے کے قابل نہیں رہے۔

ثناء اللّٰہ مستی خیل نے کہا کہ ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوتا نظر آرہا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کے حالات ہماری وجہ سے خراب نہیں ہیں، جو آج جلسے کررہے ہیں ان لوگوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔


وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حماد اظہر اور فخر امام کو چینی گندم کے بحران پر قابو پانے کا ٹاسک سونپا ہے۔

عمران خا ن نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں سے پریشان نہ ہوں، ہم سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کیے۔

نور عالم خان نے کہا کہ آپ کی ٹیم ناقص ہے، لیکن آج ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت پر مشکل وقت ہے اس لیے تحفظات کے باوجود ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

تازہ ترین