• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر اقوام متحدہ کا ایجنڈا مکمل نہیں، پاکستان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان نے اقوام متحدہ پر ایک مرتبہ پھر واضح کیاہے کہ تنازع کشمیر کو حل کئے بغیر اقوام متحدہ کا نوآبادیات کے خاتمے کا ایجنڈا نامکمل رہے گا۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئےپاک بھارت فوجی مبصرین گروپ فعال بنایا جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے محمد عامر خان نے جنرل اسمبلی کی خصوصی پولیٹیکل اینڈ ڈیکلونائزیشن فورتھ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت اور پاکستان میں اپنے فوجی مبصرین گروپ کو فعال بنائے تاکہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لئے اپناموثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکے۔ انہوں نے کہا 5پچھلے 14 ماہ کے دوران بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے تمام سیاسی رہنماؤں کو قید او ر 13 ہزار کشمیری نوجوانوں کو غیر قانونی حراست میں لیا ، کمسن لڑکوں کو مقدمہ چلائے بغیر پھانسیاں دی گئیں جبکہ احتجاج کرنے والوں کو تشددکا نشانہ بنایا گیا ، محلوں اور دیہات کو مسمار اور نذرآتش کیا جا رہا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری بھارت سے جواب مانگے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ی عوام کو ان کا حق خود ارادیت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

تازہ ترین