اسلام آباد(این این آئی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا شدیداحتجاج ‘ہنگامہ ‘ایک دوسرے کے خلاف نعرے ‘وزیراعظم عمران خان ایوان سے چلے گئےجبکہ اپوزیشن بھی واک آؤٹ کرگئے ‘مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے انتخابات (ترمیمی) بل 2020ءایوان میں پیش کیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا تو عمران خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن اراکین نے نشستوں پر کھڑے ہو کر شدید احتجاج کیا اپوزیشن ارکان اسمبلی نے آٹا، چینی چور کی سرکار نہیں چلے گی، مک گیا تیرا شو نیازی،گو نیازی گو نیازی کے نعرے لگائے۔ انہوں نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر انتقامی سیاست نامنظور علی بابا چالیس چور، جزائر پر قبضہ نا منظور، چور سرکار نامنظور کے نعرے درج تھے۔ ایوان کی کارروائی کے دوران اپوزیشن ارکان مسلسل شور شرابا کرتے رہے اور اس دور ان اسپیکر چپ کراتے رہ گئے تاہم ارکان خاموش نہیں ہوئے بعد ازاں حکومتی اراکین اور اپوزیشن اراکین ایوان میں آمنے سامنے آگئے جس پراسپیکرنے ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس بیس منٹ کے لیے ملتوی کردیا۔