• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ جلسے پر رانا ثناء اور شبلی فراز آمنے سامنے

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تحت گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے کے بعد اس کی کامیابی اور ناکامی ثابت کرنے کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ میں بحث چھڑگئی۔

جیونیوز کے پروگرام’’نیاپاکستان‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے مسلم لیگ کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حکومت نے گوجرانوالہ شہر سیل کیا ہوا تھا، ہم نے انتظامیہ سے کنٹینرز ہٹانےکا کہا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اسٹیڈیم میں جتنا مجمع تھا اس سے تین گنا لوگ اسٹیڈیم سے باہر تھے، جبکہ گوجرانوالہ جلسے میں عام شہری بھی موجود تھے۔

اس کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جب وضاحت دینی پڑے تو اس کا مطلب ہےکام ٹھیک نہیں ہوا، انہوں نے پوچھا کہ رانا ثناء اللّٰہ استعفا ساتھ لائے ہیں یا نہیں۔


وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کل گوجرانوالہ میں ایک فلاپ شو تھا، مجھے یقین ہوگیا ہے کہ سلیکٹڈ یہ ہیں، یہ گوجرانوالہ میں اتنے لوگ بھی نہ لاسکے کہ اسٹیڈیم بھرسکے، اگر  آپ ذاتی ایجنڈا لےکر چلیں گے تو قوم آپ کے ساتھ نہیں ہوگی ۔

شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان قومی ایجنڈا لےکرچل رہے ہیں، مولاناصاحب کو کل خالی کرسیوں سے خطاب کرادیا گیا، اپوزیشن کا پورا پروگرام ہی فلاپ تھا، انہوں نے صرف گالیاں دیں، کیمرا جھوٹ نہیں بولتا، کیمرے نے دکھادیا کہ کل کتنے لوگ تھے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جلسوں میں عوامی رائے سامنے آتی ہے، جب عوامی رائے سامنے آجائے اور حکومت کیخلاف ہو تو حکومت کو جانا پڑتا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کی بات کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ ان کا مقصد ہی ملک میں مایوسی اور انتشار پھیلانا ہے، یہ انقلابی کب سے بن گئے ہیں؟ کیا عام قیدیوں کو یہ سہولیات ملتی ہیں جوان لوگوں کومل رہی ہیں؟ ان لوگوں نے جیلوں کو فائیو اسٹار ہوٹل بنایا ہوا تھا۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ یہ سمجھتےتھے ان کی باریاں چلتی رہیں گی، لیکن اب یہ باہر ہوگئے ہیں، آج تک انہوں نےجواب دیا ہے کہ لندن میں اثاثے کیسے بنائے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ڈھائی سال سے ہمارے خلاف جھوٹے کیسز اور ریفرنس بنائے جا رہے ہیں، کیا 11پارٹیاں اس بات پر متفق ہوئی ہیں کہ کیسز ختم کیے جائیں؟۔

تازہ ترین