• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عباسی شہید اسپتال کو درپیش مسائل جلد حل کئے جائینگے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال پر علاج معالجہ کے لئے آنے والے مریضوں کا دباؤ ہے اور جن حالات میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنے فرائض انجام دے رہا ہے وہ قابل ستائش ہے، اسپتال کو ادویات کی کمی، مشینری، تعمیر و مرمت کے جو بھی مسائل درپیش ہیں انہیں جلد حل کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اسپتال سے شہری استفادہ کرتے رہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز عباسی شہید اسپتال ناظم آباد کے تفصیلی دورہ کے موقع پر کیا، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر سلمی کوثر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ندیم راجپوت، نرسنگ انچارج نسرین مینگا اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ آپریشن تھیٹرز کی صورتحال بہتر نہیں ہے انہیں اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ سٹی اسکین اور ایکسرے کی سہولت بھی عباسی شہید اسپتال میں مریضوں کو مہیا نہیں کی جارہی جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں پر مالی بوجھ پڑتا ہے، انہوں نے کویڈ 19 کے حوالے سے بنائے گئے خصوصی وارڈز کا بھی دورہ کیا، ایڈمنسٹریٹرنے میڈیکل آئی سی یو، جنرل سرجری، مختلف وارڈز اور فارمیسی کا بھی دورہ کیا اور وارڈز میں داخل مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ فنڈز کی کمی کے مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

تازہ ترین