• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ملتان کو ڈیجیٹلائزیشن شاہراہ پر گامزن کر دیا، ڈپٹی کمشنر

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان کو ڈیجیٹلائزیشن کی شاہراہ پر گامزن کر دیا گیا ہے جب کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کے قریب 8 کنال سے زائد رقبہ پر تعمیر کئے گئے ای خدمت سنٹر نے کام شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ای خدمت سنٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو منیجر ای خدمت سنٹر عبدالروف نے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ای خدمت سنٹر میں 78مختلف خدمات شہریوں کو فراہم کی جارہی ہیں،34خدمات کنسٹرکشن اور 9خدمات ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے فراہم کی جارہی ہیں۔ ای خدمت سنٹر میں تمام نظام کمپیوٹرائزڈ ہے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا 55اہلکاروں پر مشتمل سٹاف شہریوں کو سروس فراہم کررہا ہے۔شہریوں کو صوبائی اور وفاقی دونوں محکموں سے متعلق تمام سروسز فراہم کرنے کے لئے 24کائونٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ای خدمت سنٹر کی تعمیر پر 15کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ای خدمت سنٹر میں ڈومیسائل،برتھ،میرج سرٹیفکیٹ جاری کئے جاتے ہیں،لرنر ڈرائیونگ لائسنس،نقشہ جات، روٹ پرمٹ،گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی سروس دی جارہی ہے،نقشہ،بجلی، گیس کے کنکشن اور ضمانت کے لئے فرد ملکیت بھی ای خدمت سنٹر سے جاری کی جارہی ہیں،شہریوں کو ڈومیسائل، لائسنس وغیرہ تیار ہونے پر میسج کے ذریعے آ گا کر دیا جائے گا۔شہری کو مطلوبہ ڈاکومنٹ کورئیر سروس کے ذریعے گھر فراہم کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ملتان پاکستان کا پہلا ضلع ہے جہاں ای فائلنگ سسٹم بھی لانچ کر دیا گیا ہے اور ای فائلنگ سسٹم کے حوالے سے مختلف محکموں کی ٹریننگ شروع کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین