• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمینیا کیخلاف پاکستانی فورسز ملوث نہیں، الزام بے بنیاد ہے ، وزارت داخلہ

اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) وزارت خارجہ نے آرمینیائی وزیراعظم کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے رپورٹس کو بے بنیا قرار دے دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمینیا کیخلاف پاکستانی فورسز ملوث نہیں، الزام بے بنیاد ہے، آرمینیا ئی قیادت ، آزربائیجان کیخلاف غیر قانونی اقدامات پر پردہ ڈالنے کیلئے غیر ذمہ دارانہ پروپیگنڈہ کا سہارا لے رہی ہے ، ہم نے 15 اکتوبر کو آرمینی وزیر اعظم کے انٹرویو کا نقل ایک روسی ٹی وی پر دیکھا ہے جس میں کچھ غیر یقینی رپورٹس کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں جاری تنازعہ میں آذربائیجان کی فوج کے ساتھ ساتھ پاکستانی اسپیشل فورسز کے ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم آرمینیائی وزیر اعظم کے ان بے بنیاد اور غیر تصدیق شدہ تبصروں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے بھی اس معاملے پر اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزربائیجان کی افواج اتنی مضبوط ہیں کہ وہ اپنے وطن کا دفاع کریں اور انہیں غیر ملکی افواج کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ آرمنیا کی قیادت ، آذربائیجان کے خلاف اپنے غیر قانونی اقدامات پر پردہ ڈالنے کے لئے ، غیر ذمہ دارانہ پروپیگنڈہ کا سہارا لے رہی ہے ، جسے اسکو روکنا ہوگا۔ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان نے آذربائیجان کے لئے مستقل طور پر سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی مدد فراہم کی ہے۔ پاکستان آذربائیجان کی برادر قوم کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرے گا۔بیان میں کہا گیا کہ ہمیں یقین ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان طویل مدتی امن اور تعلقات کو معمول پر لانے کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل اور جامع عمل درآمد اور آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیائی فوجوں کے انخلا پر ہوگا۔

تازہ ترین