قومی احتساب بیورو سکھر (نیب) سکھر کے زیر اہتمام سکھر جیمخانہ میں سکھر اوپن شطرنج ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا جس میں کراچی، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور سمیت سندھ بھر سے 35 سے زائد ماہر کھلاڑیوں نے شرکت کی شطرنج مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے خوب چالیں چلیں اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر کراچی کے کھلاڑیوں کا پلڑا بھاری رہا۔ کراچی کے اختر حسین نے ٹورنامنٹ جیت کر ٹرافی اپنے نام کی ۔
ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی ڈی جی نیب سکھر مرزا عرفان بیگ نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ نیب سکھر کے زیر اہتمام اور سندھ چیس ایسوسی ایشن، سکھر چیمبرز آف کامرس کے تعاون سے سکھر جیم خانہ میں ایک روزہ سکھر اوپن شطرنج ٹورنامنٹ منعقد کرایا گیا ،ابتدائی دونوں پوزیشن کراچی کے اختر حسین اور ایم جہانگیر نے اپنے نام کیں، جبکہ سکھر کے محمد الیاس نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ایک روزہ ٹورنامنٹ سکھر جیم خانہ کے بیڈ منٹن ہال میں منعقدہ ہوا۔
چیس ٹورنامنٹ میں ایوان صنعت و تجارت کے صدر محمد دین، ڈائریکٹر نیب سکھر فہیم قریشی، ڈپٹی ڈائیریکٹر نیب کاشف ممتاز گوندل، آرگنائزنگ سیکریٹری ذوالفقار حسین، ڈاکٹر نوید پٹھان سمیت دیگر معززین نے شرکت کی ۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈی جی نیب سکھر مرزا عرفان بیگ نے کہا کہ معاشرے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑی اہمیت کی حامل ہیں صحت مند معاشرے کے لئے ہم سب کو ملکر کھیلوں کے فروغ کے لئے کوششیں جاری رکھنا چا ہئے۔
ملک میں ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے اور ہمارے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں پوری دنیا پر حکمرانی کی ہے اور اولمپک، ورلڈ چیمپئن سمیت دیگر اعزازات حاصل کئے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب ملکر ان باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں، میری کوشش ہوگی کہ کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کو جس قدر ممکن ہو یقینی جائے تاکہ اہل اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور ہمارے یہ نوجوان کرپشن کے خاتمے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں۔ اس طرح کے مقابلوں سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور صحت مند معاشرے کو فروغ ملے گا ۔