گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں 16 اکتوبر کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم کی جانب سے سیاسی اتحاد قائم کرنے کے بعد پہلی مرتبہ گوجرانولہ میں پاور شو کیا گیا، جس میں اتحاد کی اعلیٰ قیادت نے اپنے کارکنان سے خطاب کیا اور حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔
اس دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی دیکھنے میں آئی۔
تاہم اب اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ 16 اکتوبر کو ہونے والے اس جلسے کی انتظامیہ کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں درج کیا گیا، جس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور سڑکیں بلاک کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اس مقدمے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر، رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک اور سٹی صدر سلمان خالد بٹ بھی ملزم نامزد ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مقدمے میں سو سے زائد نامعلوم افراد کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کا اعلان کیا تھا۔