راولپنڈی ،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت 4افراد جان کی بازی ہار گئے۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ مدینہ کالونی میں ایک گھرمیں آگ لگنے سے دوکم سن بچے جھلس کرجاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122کے مطابق افسوس ناک واقعہ پیرکی رات گلی نمبر5مدینہ کالونی نزدنیازی ٹاؤن مصریال روڈ میں پیش آیا ۔آگ سے جھلس کرڈیڑھ سال کاعادل اورساڑھے چارسالہ سلمان جاں بحق ہوئے۔ ریسکیوترجمان کے مطابق دونوں بچے گھرمیں اکیلے تھے ان کاوالدکام پرگیاہواتھاجب کہ والدہ گھرکے دروازے کوباہرسے کنڈی لگاکردوسرے بچے کولینے گئی تھی کہ اس دوران گھرمیں نامعلوم وجہ سے آگ لگ گئی ۔ریسکیوعملے نے 25منٹ کے فائرفائٹنگ آپریشن کے بعدآگ پرقابوپایا۔دوکم سن بچوں کی ہلاکت پراہل علاقہ نے احتجاج کیا۔ وفاقی دارالحکومت میں دو موٹر سائیکل سوار حادثات کی نذر ہو گئے،پولیس نے قتل خطاء کے مقدمات درج کر کے ایک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہو گیا۔ سمیع اللہ نے تھانہ سبزی منڈی پولیس کو بتایا کہ میرا بھائی شیر اللہ اور حمزہ آفریدی موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ ٹرالر نمبر ایل آر ٹی 3760جس کو ڈرائیور خالد چلا رہا تھا نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہو ئے ہٹ کیا جس سے حمزہ آفریدی شدیدزخمی اور مدعی کا بھائی جاں بحق ہو گیا۔اعجاز حسین نے تھانہ کورال پولیس کو بتایا کہ میرا بھائی ارشاد حسین موٹر سائیکل پر جارہا تھا جس کو گاڑی نمبری اے ایل ایس 622کے ڈرائیور نے غفلت ، لاپرواہی سے چلاتے ہوئے ٹکر ماری جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔