• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونی لیور کی بیٹی کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

بالی ووڈ کے مشہور اداکار و کامیڈین جونی لیور کا شمار اُن اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے مزاحیہ کردار ادا کرکے انڈسٹری میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی ہے۔ جونی لیور کی بیٹی بھی والد کی طرح اسٹینڈ اپ کامیڈی کرتی ہیں اور بہت کم وقت میں وہ بے حد مقبول ہوچکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جونی لیور کی بیٹی’جیمی لیور‘ نے اگست 2012 میں لندن کی ایک ریسرچ ایجنسی میں مارکیٹنگ ایگزیکٹو کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کیاتھا، 2012 میں ہی وہ ’دا کامیڈی اسٹور‘ میں اپنی کارکردگی کے باعث اسٹینڈ اپ کامیڈین بھی بنیں۔

جیمی لیور نے سال 2015 میں کامیڈی کے کنگ کہلائے جانے والے میزبان و اداکار کپل شرما کی فلم ’کس کس کو پیار کروں‘ اور اس کے بعد فلم ’ہاؤس فل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

جیمی لیور نے ابھی تک صرف دو بالی ووڈ فلموں میں ادکاری کی ہے لیکن اسٹینڈ اپ کامیڈی میں وہ اپنی منفرد شناخت اور مقام حاصل کرنے میں بے حد کامیاب رہی ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے کو دئیے گئےایک انٹرویو میں جیمی لیور نے کہا کہ ’لوگ میری اس طرح تعریف نہیں کرتے کہ آپ بہت خوبصورت ہیں بلکہ میں ہمیشہ یہی سنتی ہوں کہ آپ بہت مزاحیہ ہیں یا آپ بڑی مہارت سے عجیب عجیب چہرے بناتی ہیں جبکہ کسی نے بھی یہ نہیں کہا کہ آپ خوبصورت ہیں۔‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیمی نےاپنے انٹرویو میں بتایا کہ ’پاپا جب گھر پر رہتے ہیں تو وہ بے حد ہی سادہ زندگی گزارتے ہیں۔ اپنے بچپن اور جدو جہد کے دنوں کی کہانیاں سناتے ہیں لیکن جب ان کے ساتھ کوئی شو کرتی ہوں مجھے بہت ڈر لگتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اسٹیج پر وہ میرے والد نہیں بلکہ میرے باس ہوتے ہیں اور جب وہ میرے باس ہوتے ہیں تو بہت سختی سے پیش آتے ہیں۔ انہیں کام میں کوئی لاپرواہی پسند نہیں ہے۔ جب میں اُن کے ساتھ شو کرتی ہوں مجھے یہ خوف رہتا ہے کہ مجھ سے کوئی غلطی نہ ہو۔ اس لیے میں ان کے ساتھ سٹیج پر جانے سے پہلے بہت محنت کرتی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی مجھے اپنے دوستوں، اساتذہ، اور اپنی آنٹیوں کی نقل اُتارنا پسند تھا۔ میرے والدین میرے شوخ کے بارے میں اچھی طرح واقف تھے۔ وہ آج بھی کہتے ہیں کہ اُنہیں معلوم تھا کہ میرے اندر بھی یہی جراثیم تھے لیکن انہوں نے کبھی بتایا نہیں کیونکہ اُن کی خواہش تھی کہ پہلے میں اور میرا بھائی اپنی تعلیم مکمل کریں اور ملازمت کریں اور اس کے بعد اپنے شوق کو پورا کریں۔

جیمی نے متعدد اسٹیج شوز اور ایوارڈ شوز میں بالی ووڈ کے فنکاروں کی نقالی کی ہے لیکن کیا کبھی کسی نے اعتراض کا اظہار کیا ہے، اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنکاروں کی نقالی کرتے وقت مجھے بہت ڈر لگتا ہے۔ یہ سوچ کر کہیں رات کو کسی کا فون نہ آجائے کہ تم ہماری نقالی کیوں کررہی ہو؟ ایسا کرنے سے پہلے میں اس بات کا دھیان ضرور رکھتی ہوں کہ نقالی کرتے وقت میں کسی کی دل آزاری نہ کروں اور نہ ہی کسی کی نجی زندگی پر تبصرہ کروں اور نہ کسی پربغیر کسی وجہ کہ حملہ کروں۔

جیمی نے کہا کہ پاپا نے ہمیشہ یہ بات سمجھائی ہے کہ جب بھی کسی کی نقالی کرو تو اس طرح کرو کہ اُس شخص کو برا نہ لگے بلکہ اسے تمہارا کام پسند آئے۔ ہمارے انڈین مداح بہت حساس ہیں۔ اگر آپ کسی فن کار کی غلط نقالی کرو گے یا ان کو بے وجہ نشانہ بناؤں گے تو وہ ناراض ہوسکتے ہیں۔ 

تازہ ترین