• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹا، چینی سستی نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان برہم، رپورٹ طلب


وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران آٹے اور چینی کی قیمتیں کنٹرول نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، جبکہ وزراء کو ہدایت کی کہ مہنگائی کے خاتمے کو ہی اپنا پہلا مشن بنائیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران کھل کر ملک میں جاری مہنگائی بالخصوص آٹے اور چینی کی بڑھتی قیمتیں زیرِ بحث آئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے آٹا اور چینی کی قیمتیں کم نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ چینی کا اسٹاک وافر مقدار میں موجود ہونے کی رپورٹس کے باوجود قیمت کم کیوں نہیں ہوئیں؟

وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خاتمے کے لیے تمام سرکاری محکموں کو اپنا اِن پٹ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزرا مہنگائی کے خاتمے کو ہی اپنا پہلا مشن بنائیں، غفلت برتنے والوں کی نشاندہی کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم اور وزرا نے اتفاق کیا کہ ہماری اصل اپوزیشن مہنگائی ہے، جبکہ وزرا کی اکثریت نے اشیا ضروریہ مہنگی ہونے پر تحفظات اور تشویش سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے تجویز پیش کی کہ گندم اور چینی سستی ہوسکتی ہے، متعلقہ حکام میرے ساتھ بیٹھ جائيں۔

ندیم افضل چن نے یہ بھی کہا کہ دیکھتا ہوں کہ گندم اور چینی کیسے سستی نہیں ہوتی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اپوزیشن کی طرف سے غیر سیاسی خواتین کو ہدف تنقید بنانے پر کابینہ میں بحث ہوئی۔

کابینہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ مشرقی تہذیب میں بھی خواتین کے بارے میں شائستگی کو برقرار رکھا جاتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اراکین کو سیاسی خواتین کے حوالے سے بھی محتاط انداز اپنانے کی ہدایت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کو سوات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ کرنے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ جلسہ ضرور کریں، لیکن ایس او پیز پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا وائرس پھر پھیل رہا ہے، احیتاط کا دامن نہ چھوڑا جائے۔

تازہ ترین