اسلام آباد/ لاہور ( نمائندگان جنگ) پاکستان براڈ کاسٹنگ کا رپوریشن نے ریڈیو پاکستان کے 749کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے،17500 سے 25000 تک تنخواہ لینے والے ان ملازمین میں سے اکثریت گزشتہ بیس سال سے کام کر رہی تھی، پی بی سی نے دو ماہ قبل 320 کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت سے بر طرف کیا تھا جبکہ اس بار باقی ماندہ 749 کنٹریکٹ ملازمین برطرف کردیئے گئے ،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ایس ایم رضا عباس نے کنٹریکٹ کی تنسیخ کا آ فس میمو رنڈم جاری کر دیا ہے، متاثرہ ملازمین میں سے 531 کا تعلق شعبہ پروگرام ، 177 کا شعبہ نیوز اور 41 کا این سی اے سی اور ویب ڈیسک سے ہے،یاد رہے کہ ریڈیو پاکستان میں 4400 منظور شدہ آسامیاں ہیں جبکہ مستقل ملازمین کی تعداد بمشکل 2400 ہے ،تقریبا 1000 افراد کنٹریکٹ پر کام کررہے تھے جن کی اکثریت وفاقی حکومت کے مقرر کردہ کم سے کم معاوضہ 17500 روپے ماہانہ پر کام کررہی تھی ،برخاست کئے جانیوالے ملازمین نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری کے اس دور میں انہیں بیروزگار نہ کیا جا ئے ۔لاہور اسٹیشن سے برطرف ہونے والے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا، ریڈیو انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور فوری طورپر اس ظالمانہ نوٹیفکیشن کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نےوزیر اعظم سے نوٹس لینے کی اپیل کی ۔