جلال آباد،کراچی (اے ایف پی، نیوزڈیسک) افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ویزا کے حصول کے لیے آنے والے ہزاروں افراد کے مجمع میں بھگدڑ سے 15افراد ہلاک اور 15زخمی ہوگئے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ ویزہ سینٹر میں لوگوں کے ہجوم سے بچنے کیلئے لوگوں کو پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کیلئے درخواستیں ایک قریبی اسٹیڈیم میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی ، انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے ہزاروں افراد جمع ہوگئے جس کے باعث بھگدڑ سے افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
دوسری جانب افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کا کہنا تھا کہ وہ رپورٹ ہونے والی اموات پر ʼانتہائی غمزدہ ہیں۔
ادھر جلال آباد میں موجود ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ویزا درخواست گزار قونصلیٹ حکام سے ٹوکن کے حصول کے لیے ایک دوسرے کو دھکے دے رہے تھے اور ہجوم قابو سے باہر ہوگیا تھا جو بھگڈر کا باعث بنا۔