کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ن پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو ہمت و شجاعت کا پیکر تھیں، اُن کی جمہوریت کے لیئے جدوجہد اور قربانیاں تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے۔ پاکستان کی سابق خاتونِ اول بیگم نصرت بھٹو کی نویں برسی کے موقعے پر جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بیگم نصرت بھٹو کی برسی کل (23اکتوبر، بروز جمعہ) سادگی سے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد اپنے ذاتی دکھ کو بھلا کرپارٹی کارکنان سمیت پاکستان بھر کی جمہوریت پسند قوتوں کو آمریت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور ایک تاریخی تحریک کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو پروقار، حوصلہ مند اور تاریخ ساز شخصیت تھیں، جو جیالوں اور عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔