راولپنڈی (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو گوجرانوالہ اور مارالہ کا دورہ کیا، کور ہیڈکوارٹرگوجرانوالہ میں ، انہیں کور کے آپریشنل ، تربیت اور انتظامی امور کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ اور مارالہ ہیڈ ورکس کے قریب فیلڈ ٹریننگ ایریا میں جاری فوجی دستوں کی مشق کا مشاہدہ ،ایونٹس کا دورہ کیا اورروایتی کاموں کی جنگی مشقوں اور طریقہ کار کو سراہا۔ مشقوں میں شریک فوجیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تربیت پیشہ ورانہ قابلیت کا خاصہ ہے جو جنگ کے دوران صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے جنگی تیاریوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کے لئے عظیم قوم کی توقعات پر ہمیشہ قائم ودائم رہے گی۔