• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی واپسی، لندن سے مثبت اشارے ملے، فیصل واوڈا

کراچی(جنگ نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نےکہاہےکہ نواز شریف کی واپسی سے متعلق لندن سے مثبت اشارے ملے ہیں، دوسری جانب ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب نےکہاہےکہ کیا اسی ملک میں فیصل واوڈا کی 9بے نامی جائیدادیں نہیں؟ انہوں نے پاکستان و برطانیہ میں اربوں مالیت کی جائیداد اور 50گاڑیوں کا جواز پیش کرنے کیلئے 10 سال میں مشکل سے ہی ٹیکس ادا کیاہے۔منافقت کی حد ہےفیصل واہ واہ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مختلف مقدمات میں مطلوب سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو برطانیہ سے تحویل میں لینے کے لیے حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت سے رابطے تیز کر دیے اور تین خطوط کے علاوہ سفارتی سطح پر بات چیت اور متعدد ٹیلی فون کالز بھی ہوچکی ہیں،وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ کے رکن وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے برطانوی نشریاتی ادارےسے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں سزا یافتہ اور متعدد مقدمات میں مطلوب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تحویل حاصل کرنے کے لیے برطانوی حکومت سے بات چیت کے لیے وفاقی وزراء پر مشتمل ایک وفد بھی جلد لندن بھیجا جا سکتا ہے۔

برطانوی حکومت سے اب تک ہونے والے رابطوں کے بارے میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام کا رد عمل اس بارے میں کافی حوصلہ افزا ہے اور حکومت پاکستان کو لندن سے مثبت اشارے موصول ہو رہے ہیں۔فیصل واوڈا جو ماضی میں بھی نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جائیدادوں کی تحقیقات ذاتی سطح پر کرتے رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت سے مثبت اشارے ملنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ نواز شریف ایک سزا یافتہ مجرم ہیں اور وہ علاج کا بہانہ بنا کر لندن آئے تھے۔

فیصل واوڈا نے برطانوی حکومت سے ہونے والے رابطوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ برطانوی حکام کو یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نواز شریف اس یقین دہانی پر لندن آئے تھے کہ وہ علاج کے بعد واپس پاکستان لوٹ آئیں گے۔

تازہ ترین