اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی طبیعت ناساز ہوجانے کے سبب آج مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی۔
ہائی کورٹ کے کورٹ روم ون میں آج کے کیسز کی کازلسٹ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی ناساز طبیعت کے باعث منسوخ کردی گئی ہے۔
آج کے مقرر کیسز میں ٹک ٹاک پر پابندی اورسوشل میڈیا رولز بنانے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف درخواستیں ، اسلام آباد کی خصوصی عدالتوں اور ٹریبونلز میں ججز کی تعیناتیوں کی درخواست پر سماعت شامل تھیں ۔
آج کے کیسز کی کاز لسٹ میں شامل امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کی رحمٰن ملک کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست سمیت ان کی ملک بدری سے روکنے کی درخواست پر بھی سماعت ملتوی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنتھیا رچی کو ملک بدری سے روک رکھا ہے، ان کی ملک بدری روکنے کا حکم 7 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا۔