• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوڈان اور اسرائیل نے امن معاہدہ کرلیا، امریکی صدر، سوڈان دہشت گردوں کی معاون ریاست کی فہرست سے خارج

کراچی، واشنگٹن، خرطوم (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے، اس اعلان سے قبل امریکا نے سوڈان کا نام دہشتگردوں کی معاون ریاست کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کیا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کئی اور ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے، انہوں نے کہا کہ 5 مزید ممالک بھی اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سوڈان کیساتھ تعلقات کو اچانک ہونے والی بڑی تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن سوڈان نے اسرائیل کیساتھ امن قائم کرنے، اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کی حامی بھرلی ہے ،فلسطین نے سوڈان اور اسرائیل میں امن معاہدے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے ، غزہ کی حکمراں جماعت فلسطینی تنظیم حماس نے سوڈان کے فیصلے کو سیاسی گناہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سوڈان اور حماس کے تعلقات خراب ہوں گے ، معاہدے سے فلسطینی عوام، فلسطین کاز اور خود سوڈان کے قومی مفادات کو نقصان ہوگا اور اس سے صرف اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو فائدہ ہوگا، مصر کے صدر جنرل الفتاح السیسی نے دونوں ممالک کے تعلقات معمول پرلانے کا خیر مقدم کیا ہے ، ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکا ، اسرائیل اور سوڈان کا خیر مقدم کرتے ہیں، اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کیخلاف دارالحکومت خرطوم سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے ، نوجوان مظاہرین نے اسرائیلی پرچم نذر آتش کردیے ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد اب سوڈان اسرائیل کو تسلیم کرلے گا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوڈان کا نام دہشت گردی کو فروغ دینے والی ریاست کے نام سے نکالے جانے کےچند لمحات کے بعد صحافیوں کو اوول آفس لے جایا گیا جہاں صدر ٹرمپ اسرائیل اور سوڈان کے رہنمائوں سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے ،ٹرمپ نے اعلان کیا کہ سوڈان اور اسرائیل نے امریکا کی مدد سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے ، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک اور عبوری کونسل کے سربراہ عبدالفتح البرہان سے فون کال کے دوران معاہدے کی تصدیق کی ، سوڈان نے اسرائیل کیساتھ تعلقات معمول پر لانے کی تصدیق کردی ہے۔

تازہ ترین