کراچی(ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم عمران خان کے تازہ انٹرویو میں نواز شریف کو لندن جاکر واپس لانے کے حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں مظہر عباس، بابر ستار، بینظیر شاہ،، ارشاد بھٹی اور محمل سرفراز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو نواز شریف کو واپس لانے میں دیر نہیں کرنی چاہئے، وزیراعظم کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے تھا۔
اگلے تین سال وہ نواز شریف کو واپس لانے کی کوشش کریں تو نہیں لا سکیں گے۔ پی ٹی آئی جس طرح کے بیانات دے رہی ہے یہ ڈپلومیٹکلی بھی ہمارے لئے کچھ خاص اچھے نہیں ہیں۔میزبان کے سوال کہ کیا عمران خان اس مرتبہ نواز شریف کو واپس لانے میں کامیاب ہوجائیں گے؟ کے جواب میں تجزیہ کارمظہر عباس نے کہا کہ مجھے تو مشکل لگ رہا ہے لیکن ایک بات یہ سمجھنی چاہئے کہ برطانیہ پاکستان نہیں ہے جہاں وزیراعظم یا صدر یا دوسرے لوگ اس طرح دباؤ ڈال کر کوئی کام کرسکتے ہوں۔
ظاہر ہے قانون کے مطابق ہی کام ہوگا اگر قانون اجاز ت دے گا تو نواز شریف کو حوالے کردیا جائے گا۔