سینئر صحافی سلیم صافی کا کہنا ہے کہ ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے پر ابھی تک پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیوں خاموش ہیں؟
سینئر صحافی سلیم صافی نے ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ نے ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے پر وہ ردِ عمل کیوں نہیں دیا جو کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر دیا تھا؟
سینئر صحافی مظہر عباس کا کہنا ہے کہ ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی عمران کا لاپتہ ہونا انتہائی تشویش کا معاملہ ہے، 14 گھنٹے سے لاپتہ علی عمران کے معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ دعا ہے کہ علی عمران جلد اور باحفاظت واپس آ جائیں۔
سینئر صحافی نسیم زہرہ کا ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کی ویڈیو لانے والے ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی عمران سید کو لاپتہ کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی عمران کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کی ویڈیو کے ذریعے حقائق سامنے لائے، حقائق پر مسئلہ ہے تو پوچھ گچھ کی جائے، اٹھائے جانے کو اغواء ہی کہا جا سکتا ہے، بچے بچے کو علم ہے یہ حربہ کام نہیں کرتا۔
نسیم زہرہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ علی عمران مستند سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے لائے، وہ انہوں نے گھر میں نہیں بنائی، اس واقعے سے ملک، آئین اور قانون کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔
سینئرصحافی نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ علی عمران شواہد کے ساتھ ویڈیو لائے کہ کیپٹین ریٹائرڈ صفدر اور آئی جی معاملے کا ذمے دار کون ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی عمران کو کیپٹین ریٹائرڈ صفدر اور آئی جی کے معاملے کی ویڈیو سامنے لانے پر لاپتہ کیا گیا، کیا کوئی انکوائری کمیٹی علی عمران کے لاپتہ ہونے کا نوٹس لے گی؟۔
سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کہتی ہیں کہ صحافی کسی کا دشمن نہیں ہوتا،صاف نظر آ رہا ہے کہ یہ کارروائی کیوں کی گئی، علی عمران کا لاپتہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔
سینئر صحافی عباس ناصر نے مطالبہ کیا ہے کہ ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی عمران سید کو رہا کیا جائے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کی ویڈیو چلنے کے بعد سے علی عمران لاپتہ ہیں۔