• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تینوں فارمیٹ میں پاکستان کیلئے کھیلنا چاہتا ہوں، حارث روف

قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر حارث روف کا کہنا ہے کہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے لئے کھیلنا چاہتا ہوں۔

‏ ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بولر حارث روف نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب ون ڈے کرکٹ میں نام آیا ہے تو موقع ملنے پر اچھا پرفارم کروں گا، جبکہ مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ میں موقع ملنے کا بھی منتظر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اچھی کرکٹ ہوئی، سینئرز اور جونئیرز خوب لطف اندوز ہوئے اور سب نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا اور اسے مزید بہتر کرنے کی کوشش کی۔

‏ حارث روف نے کہا کہ پہلے وہ آخری اوورز میں بولنگ کرتے تھے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کی بھی کوشش کی لیکن اب میں نے نئے بال پر کام شروع کیا ہے اور اس سلسلے میں مجھے بولنگ کوچ وقار یونس نے بہت متحرک کیا اور بہت کچھ بتایا ہے۔


ان کاکہنا تھا کہ وقار یونس کے مشورے کے مطابق میں محنت کر رہا ہوں اور نئے بال کے ساتھ بھی بولنگ کرنے میں مہارت حاصل کر رہا ہوں، نئے بال کے ساتھ بولنگ کرنا میرے لیئے نئی بات ہے ۔

‏حارث روف نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب میرا نام ون ڈے کرکٹ کے لیے بھی آیا ہے ، میں ون ڈے کرکٹ ڈومیسٹک میں کھیلتا رہا ہوں ، اب بھی ون ڈے کرکٹ کے لیئے محنت کر رہا ہوں ، پریکٹس میچز سے بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کل جو میچ ہوا اس میں میں بھی مجھے ہر اوور کے بعد بولنگ کوچ وقاریونس بتاتے رہے ہیں جس سے میں نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، وہ مجھے اپنی طرح گیند پر کنٹرول اور کریز کا استعمال سکھا رہے ہیں ، کوشش ہے کہ ان کے مشوروں کے مطابق جلد از جلد سیکھوں جبکہ میں اپنے سینئر وہاب ریاض کی موجودگی سے بھی فائدہ اٹھا رہا ہوں اور سیکھ رہا ہوں۔

‏فاسٹ بولر نے کہا کہ ون ڈے کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا بھی منتظر ہوں، میں تینوں فار میٹ میں پاکستان کرکٹ کے لیئے اچھا کرنا چاہتا ہوں، خواہش ہے کہ اب ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بناؤں ، اس کے لیے مجھے اچھے کوچز دستیاب ہیں ، پر امید ہوں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی مجھے موقع ملے گا ٹیسٹ کرکٹ کے لئے فٹنس اور صبر ہونا چاہئے ۔

‏فاسٹ بولنگ میں مقابلے کے حوالے سے حارث روف نے کہا کہ مقابلہ ہونا اچھی بات ہے اور مقابلہ اپنے سے اچھے سے ہو تو مزید اچھی بات ہے۔

حارث روف نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی جیس طرح بولنگ کر رہے ہیں سب کے سامنے ہے اسی طرح حسنین ، نسیم شاہ اور موسی ہیں ان کی موجودگی میں مقابلہ ہے تو یہ ایک اچھی چیز ہے۔

‏ فاسٹ بولر نے کہاکہ پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز نے اچھا پرفارم کیا، حالانکہ شاہین شاہ آفریدی مکمل فٹ نہیں تھے میں بھی فٹ نہیں تھا ،فٹنس مسائل تھے ٹیم کالیکن اچھا مومنٹم بنا، اب سب فٹ ہیں تو کوشش ہو گی کہ اسی مومنٹم کو برقرار رکھیں اور لاہور قلندرز کو چیمپئن بنانے میں کامیاب ہوں۔

ان کاکہنا تھا کہ پی سی بی مشکل حالات میں کرکٹ کرا رہا ہے ، اب اگر کراچی میں میچز ہو رہے ہیں تو کراچی میں ٹرافی اٹھائیں گے۔

‏ حارث روف نے کہا کہ بولنگ کے دوران انہیں کسی پر غصہ نہیں آتا ، شاٹس کھانے یا بال اچھا نہ کرنے پر خود پر غصہ آتا ہے کسی پر غصہ نہیں اتارتا تاہم فاسٹ بولرز میں جارحانہ پن ہونا فطری بات ہے۔

تازہ ترین