پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کل کا جلسہ بہت اچھا ہوگا، پی ڈی ایم کی تحریک زور پکڑ رہی ہے، اللّٰہ کا شکر ہے، جہاں جاتی ہوں پہلے سے زیادہ محبت اور شفقت ملتی ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے علی عمران گھر آگئے، ہمیں یہ جاننے کا حق ہے کہ انہیں 22 گھنٹےکہاں رکھا گیا؟۔
علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر اسمبلیوں میں استعفے دے دیئے تو حکومت کا کام تمام ہو جائے گا، یہ حکومت جمہوری طریقے سے ہی گرے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں ماضی کا حصہ ہیں، اب اس حکومت کا عوام کے سامنے ٹھہرنا مشکل ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ عوام مہنگائی اور دیگر مسائل سے تنگ آچکے ہیں، یہ مارکیٹ سے اشیاء غائب کرکے مہنگے داموں مارکیٹ میں لاتے ہیں، اب عوام کو معلوم ہوگیا کہ مافیا کون ہے۔
ایک سوال کے جواب میں رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں بہت تجربہ کار ہیں، بلاول بھٹو کے کوئٹہ آنے سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی سیاسی جماعتیں عوامی ردعمل کے خلاف نہیں جائیں گی، ہم نے انتظار کیا کہ یہ لوگ حکومت کیسے کرتے ہیں مگر یہ ناکام ہوگئے، کٹھ پتلی حکومت سے بات گناہ سمجھتی ہوں، جبکہ میں بیک ڈور ڈپلومیسی کی عادی نہیں ہوں۔