کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) احتساب عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف ایس ایس جی سی میں 17 ارب روپے کےکرپشن کےریفرنس میں نیب تفتیشی افسر کو ریفرنس کی مکمل دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہفتے کو سماعت کے موقع پر ملزم اقبال زیڈ احمد، شعیب مرزا، شعیب وارثی، زوہیر صدیقی، احمد جمیل انصاری اور دیگر پیش ہوئے۔ڈاکٹر عاصم حسین کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم حسین 25 نومبر تک ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں، ملزمان کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت میں شکایت کی کہ ریفرنس میں کچھ دستاویزات غائب ہیں، سپریم کورٹ نے بھی نیب کو مکمل دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نےنیب تفتیشی افسر کو ریفرنس کی مکمل دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیا۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ریفرنس میں شامل دستاویزات ملزمان کے وکلا کو فراہم کرچکے ہیں، دستاویزات مکمل طور پر فراہم کردی گئی ہیں، مگر کچھ میں نمبرز آگے پیچھے ہیں۔