وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف سے افغان پارلیمانی وفد نے ملاقات کی ہے۔
قومی سلامتی ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں افغانستان اور خطے میں امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورانِ گفتگو ڈاکٹر معید یوسف نے گزشتہ روز افغان دارالحکومت کابل کے تعلیمی ادارے پر ہونے والے خود کش حملے پر اظہارِ افسوس کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
افغان پارلیمانی وفد نے افغانستان میں امن و امان کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
وفد نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات اور لوگوں کی آمد و رفت میں مزید بہتری کی امید کا اظہار کیا۔