وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی روح اپوزیشن میں سرایت کرگئی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں حزب اختلاف کو جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی بیانیہ اب اپوزیشن جماعتوں کا بیانیہ بن چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج عمران خان ان کی چوری پر آنکھ بند کرلے تو ان کے مطلب کی جمہوریت بحال ہوجائے گی۔
اس موقع پر حکومتی بینچوں سے ’مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار‘ کے نعرے لگائے گئے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی ہوئی، پوری امہ میں اضطراب کی کیفیت ہے اور پوری قوم اس معاملے پر متفق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں جو گستاخانہ کوشش کی گئی ہے اس سے پوری مسلم دنیا کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
دوران تقریر اپوزیشن کی طرف سے شور مچائے جانے پر انہوں نے ن لیگی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف آپ کو فلور دیا تھا، اب ہمیں بھی بات کرنے دیں۔
شاہ محمود قریشی کی تقریر کے اختتام پر احسن اقبال اٹھ کھڑے ہوئے، انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اپوزیشن کو غدار قرار دیا ہے، جب تک یہ معافی نہیں مانگیں گے، ایوان نہیں چلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستانی ہیں، جو غدار کہے گا ہم اس کی زبان کھینچ لیں گے۔
احسن اقبال نے وزیر خارجہ کی قرار داد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود نے پورا مقالہ پڑھ دیا ہے جبکہ قرار داد 2 لفظی ہونی چاہیے تھی کہ توہین ہوئی ہے اور ہم فرانس سے سفیر واپس بلارہے ہیں۔