• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی: گستاخانہ خاکوں کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور


قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس سے وفاقی وزراء خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، ن لیگی کے رہنما خواجہ محمد آصف، احسن اقبال اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے خطاب کیا۔

قاسم سوری نے اس حوالے سے کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، حکومت فوری طور پر فرانس سے پاکستانی سفیر واپس بلائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف حکومتی قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ ایوان فرانس، ناروے، سوئیڈن میں گستاخانہ خاکوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔


قرار داد میں مزید کہا گیا کہ ایوان اس معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے، بعض یورپی سیاسی رہنماؤں کی اشتعال انگیز تقاریر ناقابل قبول ہیں۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ایسے واقعات کی اجازت نہیں دی جا سکتی، مسلمانوں کے خلاف مظالم میں اضافہ ہو رہا ہے، خواتین کے نقاب پر پابندی عائد کی گئی۔

متن میں یہ بھی کہا گیا کہ اسلاموفوبیا کو امت مسلمہ کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، مذہب کے نام پر دہشت گردی اور اشتعال پسندی کے تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔

قرار داد میں کہا گیا کہ اسلامی ممالک اس واقعے کے خلاف متحد ہیں، ایسے واقعات سے گریز کیا جائے جس سے عدم تشدد ختم ہو۔

قرار داد کی متفقہ طور پر منظوری کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کی  صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

تازہ ترین