اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ زیادہ وقت نہیں ہے، قصہ لپیٹا جارہا ہے، حکومت کے درجن بھر لوگ ہم سے رابطے میں ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج آئین، قانون اور پارلیمنٹ خطرے میں ہے، فیڈریشن نے آئی جی سندھ کو اغوا کر کے صوبے کے حقوق پر ڈاکا ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئین کمزور ہوگا تو وفاق بھی کمزور اور پامال ہوگا، اس میں دراڑیں آئیں گی، حکومت کو قانون سازی کے لیے بھی سلیکٹرز کی ضرورت پڑتی ہے۔
خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ فیٹف پر اپوزیشن نے بھرپور تعاون کیا پھر بھی حکومت پاکستان کو گرے لسٹ سے نہیں نکال سکی، اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر اور مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا، چادر اور چار دیواری پامال کی گئی۔
ن لیگی رہنما نے حکومتی ارکان کے شور شرابے پر کہا کہ میں نے جواب نے ایوان میں جواب دیا تو صنفی ایشو بنادیا جائے گا، اس جانب سے آوازیں آتی ہیں، پتا بھی نہیں چلتا کس جینڈر کی ہیں۔