• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات کچھ بھی ہوں عدلیہ کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، چیف جسٹس

اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ چاہے کیسے ہی حالات کیوں نہ ہوں عدلیہ کی خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔ یہ بات یہاں چیف جسٹس آف پاکستان نے چار نومبر 2020 ء کو ریٹائر ہونے والے سپریم کورٹ کے معزز جج جسٹس فیصل عرب کے اعزاز میں سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ 

چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ بینچ اور بار ایک دوسرے کیلئے لازم ملزوم ہیں، آزاد عدلیہ پاکستانی معاشرہ کا اہم جزو ہے ، جسٹس فیصل عرب نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اتنے لوگ دیکھ کر تو مجھے اپنی شادی یاد آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی دفعہ ریٹائر نہیں ہو رہا ایک مرتبہ پہلے پرویز مشرف دور میں 3 نومبر 2007 ء کو مجھے گھر بھیج دیا گیا تھا۔ 

اس موقع پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید قلب حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری اعلیٰ عدلیہ کے ججز صاحبان کو یہ یقین دلاتی ہے کہ وہ انصاف پر مبنی فیصلے کریں ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان کیساتھ کھڑے ہونگے۔ 

چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اعظم نذیر تارڑ نے کہا وکلا برادری ہمیشہ عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے اور خود مختار عدلیہ کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے معزز جج جسٹس فیصل عرب چار نومبر 2020ء کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین