• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی، سدرن پنجاب ناردرن کیخلاف ایک اننگز سے کامیاب، زاہد محمود کے میچ میں 10 شکار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں سدرن پنجاب نے گزشتہ سال کی فائنلسٹ ناردرن کو ایک اننگز اور 96 رنز سے ہرادیا ہے۔ قومی سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز کئے جانے والے لیگ اسپنر زاہد محمود نے میچ میں 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔میچ کے تیسرے روز تین وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی ناردرن کی پوری ٹیم 65.1 اوورز میں 246 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ حماد اعظم نے 79 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے زاہد محمو دنے دوسری اننگز میں 57 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں بلوچستان اور کے پی کے درمیان میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ کے پی کو جیت کے لیے میچ کے آخری روزمزید 280 رنز جبکہ بلوچستان کو6 وکٹیں درکار ہیں۔ اس سے قبل 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔ سمیع اسلم 48 اور یاسر شاہ 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تیمور علی نے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فواد عالم کی سنچری کی بدولت سندھ نے پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے خلاف 32 رنز کی سبقت حاصل کی تاہم دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنانے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو میچ کی دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 88 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ عثمان صلاح الدین 35 اور محمد سعد 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ محمد عمر اور محمد اصغر 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں 239 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ فواد عالم 115 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ تابش خان نے 24 رنز بنائے۔ وقاص مقصود نے 4اور حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین