• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ، گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھانے، ہفتہ عشق رسولؐ منانے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ، گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھانے


اسلام آ باد (نمائندہ جنگ / مانیٹرنگ ڈیسک) و فاقی کابینہ نےگستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملہ عالمی فورمز پر اُٹھانے کا فیصلہ کیا ہے،اور ان سے مسلمانوں کے جذبات کو پہنچنے والی ٹھیس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مسلمان کے لئے یہ گستاخی ناقابلِ برداشت ہے۔

اس حوالے سے او آئی سی کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے دنیا تک پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کے تحفظات پہنچائے جائیں گے۔

کابینہ نے یہ مذمت گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ہو نے والے اجلاس میں کی ، وزیر مذہبی امور نے اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کی تجویز دی۔

وزیر اعظم نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے حضورﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اور خاکوں کے تناظر میں ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا فیصلہ کیا اور ہفتہ عشق رسول کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ۔

ہفتہ عشق رسول 12 تا 19 ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ صوبے بھی وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہفتہ عشق رسول منائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط لکھیں گے اور خط میں مسلم ممالک کو گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اتحاد اور یکجہتی کی درخواست کی جائے گی۔

تازہ ترین