• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی سے انکار پر مالوی ملہوترہ پر چاقو سے حملہ کرنیوالے کی شناخت کرلی گئی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ادکارہ مالوی ملہوترہ پر گزشتہ روز چاقو سے حملہ کرنے والے ملزم کا پتا لگالیا ہے جس کی شناخت یوگیش مہیپال سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کےمطابق پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم یوگیش مہیپال سنگھ کو منگل کی رات کو ہی ممبئی سے 50 کلو میٹر دور پلگھار ضلع میں واقع اسپتال سے ٹریس کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت اس وقت ہوئی جس پولیس کی ٹیم واقعے سے متعلق تحقیقات کے لیے اسپتال پہنچی، ملزم اسی اسپتال میں اپنے علاج کے لیے داخل ہے اس لیے اسے باضابطہ گرفتار نہیں کیا گیاہے۔بھارتی میڈیا کےمطابق اداکارہ مالوی ملہوترہ نے بتایا کہ ملزم نے شادی سے انکار پر چاقو سے حملہ کیا تھا اور اس پھر اپنی کار میں فرار ہوگیا۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ اداکارہ مالوی ملہوترہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ واضح رہے کہ شادی سے انکار پر بھارتی اداکارہ مالوی ملہوترہ کو ان کے دوست نے چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا۔ رپورٹس کے مطابق اداکارہ مالوی پر حملہ گزشتہ رات گھر جاتے ہوئے کیا گیا۔اداکارہ پر چاقو سے پیٹ میں تین بار وار کیا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں اور ممبئی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور موقع واردات سے اپنی کار میں فرار ہوگیا تھا ۔رپورٹس کے مطابق اداکارہ کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے شادی پیشکش کی تھی تاہم انکار پر حملہ کیا اور وہ اسے ایک سال سے جانتی ہیں۔اداکارہ پر حملے کا مقدمہ ممبئی کے مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔خیال رہے کہ مالوی ملہوترہ نے چھوٹے پردے پر ادکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں ڈرامہ سیریل ’اڑان‘ سمیت دیگر شامل ہیں جب کہ وہ بالی وڈ اور ٹالی وڈ میں بھی کئی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

تازہ ترین