پشاور(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی نے گستاخانہ خاکوں اورپشاور مدرسے میں دھماکے کے خلاف کل جمعہ کے روز یوم احتجاج کا اعلان کردیا ہےجبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت حالیہ دہشت گردی لہر کی وجوہات سے قوم کو آگاہ کرے ،وہ مدرسے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر سینٹر مشتاق احمد خان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے سراج الحق مدرسے کے مہتمم مولانا رحیم اللہ حقانی سے بھی ملے اور ان سے تعزیت کی سراج الحق کا کہنا تھا منگل کا روز پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب مدرسے کے طلباء کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ چند روز قبل الرٹ کیا جاتا ہے اور حکومت کو معلوم تھا کہ دہشت گردی کی واردات ہونے والی ہے تو پھر حکومت نے کوئی اقدامات کیوں نہیں اٹھائے۔