• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی تعمیرات کے شعبے میں خاص اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم عمران خان



وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز اور تعمیرات کے شعبے میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کا اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری سندھ، چیف سیکریٹری بلوچستان، چیئرمین سی ڈی اے سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ اب تک 877 رہائشی اور 10 صعنتی منصوبوں کی تعمیر کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 363 منصوبوں کی اجازت دی جا چکی ہے۔

چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ صوبے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹائیلز اور سیرامیک کی فروخت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تعمیرات کی جانچ پڑتال سے متعلق انھوں نے بتایا کہ کاغذات کی بروقت جانچ پڑتال کے لیے مانیٹرنگ کا آن لائن نظام موجود ہے۔

چیف سیکریٹری بلوچستان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 1067 کمرشل اور 2033 رہائشی منصوبوں کی درخواستیں آئی ہیں جن کی پراسیسنگ کی جارہی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف مہم سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کی آن لائن فیسوں کی ادائیگی کے لیے ون لنک سے معاہدہ طے پا چکا ہے، پراپرٹی کی دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تعمیرات کے شعبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اس سے کورونا وبا کے باعث معاشی نقصان کے ازالے میں مدد ملے گی۔

شہر قائد سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز اور تعمیرات کے شعبے میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔

انھوں نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کے لیے انتظامی کارروائیوں کو سہل بنایا جائے۔

تازہ ترین